کاروار:یکم ؍نومبر(ایس اؤ نیوز) کرناٹک کے 15 اسمبلی حلقوں میں ہورہے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے فی الحال آٹھ حلقوں میں اپنے نمائندوں کا اعلان کیا ہے جس میں ضلع اُترکنڑا کا یلاپور حلقہ بھی شامل ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 5/دسمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے کانگریس نے یلاپورحلقہ کے لئے اُترکنڑا ضلعی کانگریس صدر بھیمنا نائک کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھیمنا نائک نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے لئے پارٹی لیڈران نے میرا انتخاب کیا ہے جس کے لئے میں ان کا شکریہ ادا کرتاہوں ، انہوں نے بتایا کہ دو مرتبہ کانگریس کی ٹکٹ پر جیت حاصل کرنے کے بعد پارٹی کو دھوکہ دینے والے شیورام ہیبار کو اس بار ضمنی انتخابات میں عوام ہی بہتر سبق سکھائیں گے۔
خیال رہے کہ ریاست میں نااہل قرار دئیے گئے 15اسمبلی ارکان کے حلقوں کے لئے الیکشن کمیشن نے 5 دسمبر کو ضمنی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ توقع کے برخلاف کانگریس نے اس مرتبہ بی جے پی سے بہت پہلے ہی ضمنی انتخابات کی پیشگی تیاری کرلی ہے اور ریاست کے 8 حلقوں کے لئےاپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ بھیمنا نائک نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں سرسی حلقہ سے انتخاب لڑا تھا اوراُنہیں بی جےپی کے وشویشور ہیگڈے کاگیری نے شکست دی تھی۔ بھیمنا نائک پچھلے 10برسوں سے ضلع اُترکنڑا میں صدارت کے عہدے پر فائز ہیں، ان کے تعلق سے بتایا جاتاہے کہ وہ ضلع کے ہرتعلقہ میں اپنا اچھا اثر رکھتے ہیں، ایک سنجیدہ اور کامیاب صنعت کار کے طورپربھی وہ معروف ہیں۔
کن بنیادوں پر ٹکٹ دیاگیا ہے؟: گزشتہ ودھان سبھا کے عام انتخابات میں یلاپور ودھان سبھا حلقہ سے جیت درج کرنے والے شیورام ہیبار ، بدلتے سیاسی حالات میں اپنا رجحان بی جے پی کی طرف کرنے سے کئی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں، ایسے میں اُس وقت کے اسپیکر رمیش کمار نے جن ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا ان میں شیورام ہیبار بھی شامل تھے، ا نہی وجوہات کی بنا پر ضمنی انتخابات منعقد ہورہےہیں۔
کانگریس امیدوار بھیمانا نائک کے متعلق عام رائے ہےکہ وہ کانگریس کارکنان سے بہتر رابطہ میں ہیں، یلاپور حلقہ سے بھی انہیں ایک خاص لگاؤ ہے، گزشتہ انتخابات میں بطور ضلع صدربھیمنانائک نے شیورام ہیبار کی حمایت میں تشہیری مہم بھی چلائی تھی۔ یلاپور، منڈگوڈ ، سرسی تعلقہ کے بنواسی علاقے پر مشتمل یلاپور ودھان سبھا حلقہ میں نامدھاری اور پسماندہ طبقات کے ووٹر زیادہ تعداد میں ہیں، انہی بنیادوں پر بھیمنانائک کانام منتخب کئے جانے کی رائے ظاہر کی گئی ہے۔ ویسے متعلقہ حلقے کے لئے بھیمنانائک کے علاوہ سابق وزیر آر وی دیش پانڈے کے بیٹے پرشانت دیش پانڈے ،نوجوان لیڈر دیپک دوڈور، بنواسی بلاک کانگریس صدر سی ایف نائک کے نام بھی شمار کئے جارہے تھے مگر حتمی طورپر بھیمنانائک کے نام کا اعلان کیاگیاہے۔
اسی طرح کانگریس پارٹی نے ودھان پریشد کے انتخابات کے لئے بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ گریجویٹ حلقہ کے لئے آر ایم کوبیرپا اور اساتذہ کے حلقہ کے لئے شرنپا مٹور کا نام فائنل کیاگیا ہے۔